مودی سرکار کے لیے نئی پریشانی ،پہلے کاکروچ اب مکھی جنتا پارٹی کی انٹری

مودی سرکار کے لیے نئی پریشانی ،پہلے کاکروچ اب مکھی جنتا پارٹی کی انٹری

بھارت میں مودی سرکار کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج اب ایک نئے اور دلچسپ انداز میں سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بعد اب ’مکھی جنتا پارٹی‘ بھی سامنے آگئی ہے، جس نے اپنے منفرد نام اور طنزیہ پیغام کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

جنریشن زی کے نوجوانوں کی جانب سے شروع ہونے والی یہ نئی مہم روایتی سیاست سے ہٹ کر طنز، مزاح اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی مثال بن رہی ہے۔

انسٹاگرام پر ’مکھی جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جہاں مکھی کے ایموجی کے ساتھ جمہوریت کے تحفظ، کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی جیسے موضوعات پر پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔ اس اکاؤنٹ کو نوجوانوں کا، نوجوانوں کے ذریعے اور نوجوانوں کے لیے سیاسی محاذ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا سے آنے والے معمر میاں بیوی کی گھر سے لاشیں برآمد، موت کی اصل وجہ کیا بنی؟

اس نئی طنزیہ مہم کا پس منظر بھارتی سپریم کورٹ میں ہونے والی ایک سماعت سے جڑا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج اور نئی دہلی میں مظاہروں پر پابندیوں کے معاملے پر سماعت کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں3رکنی بینچ نے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ضرورت سے زیادہ سخت اقدامات کے حوالے سے طنزیہ انداز اختیار کیا تھا۔ اس دوران مکھی مارنے کے لیے ہتھوڑا استعمال کرنے کی مثال بھی دی گئی۔

اس ریمارک کے اگلے ہی روز سوشل میڈیا پر مکھی جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ سامنے آگیا، جس نے اس جملے کو طنزیہ سیاسی پیغام میں تبدیل کردیا۔پارٹی کی ایک پوسٹ میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا جمہوریت میں شہریوں کو ایک دن کاکروچ اور اگلے دن مکھیاں قرار دیا جانا چاہیے؟

میڈیارپورٹس کے مطابق، انسٹاگرام پر اس اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد صرف ایک دن میں ایک لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یہ واقعہ ایک اہم سوال بھی اٹھاتا ہے، کیا آج کے نوجوان روایتی سیاسی نعروں کے بجائے طنز، میمز اور ڈیجیٹل مہمات کے ذریعے اپنی آواز زیادہ مؤثر انداز میں اٹھا رہے ہیں؟

editor

Related Articles