معاذ صداقت کی رینکنگ میں بڑی چھلانگ، 187 درجے ترقی کرگئے

معاذ صداقت کی رینکنگ میں بڑی چھلانگ، 187 درجے ترقی کرگئے

پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار پیش رفت کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے پاکستان اور سری لنکا کی ٹی 20 سیریز کے اختتام پر کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔

نئی رینکنگ کے مطابق معاذ صداقت نے 187 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 533 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 45ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ دوسری جانب کپتان صاحبزادہ فرحان 883 پوائنٹس کے ساتھ بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی 20 بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن پہلی جبکہ ابھیشیک شرما دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:صاحبزادہ فرحان دُنیائے کرکٹ پر چھا گئے، بھارت کے بڑے بلے باز کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ  ڈالا

پاکستان کے دیگر بیٹرز کی رینکنگ میں تنزلی بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ صائم ایوب چار درجے نیچے آکر 550 پوائنٹس کے ساتھ 42ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 48ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ حسن نواز بھی تین درجے نیچے آکر 51ویں نمبر پر موجود ہیں۔

فخر زمان نے ایک درجہ ترقی حاصل کی اور 473 پوائنٹس کے ساتھ 81ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ٹی 20 بولرز کی نئی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد ٹاپ تھری سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ 695 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

افغانستان کے راشد خان نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا دوسرے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے نو درجے ترقی کرتے ہوئے 635 پوائنٹس کے ساتھ 14ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب اسپنر محمد نواز چھ درجے تنزلی کے بعد 626 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں نمبر پر آگئے، جبکہ شاہین آفریدی4 درجے نیچے آکر 40ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

editor

Related Articles