شواہد نہیں، صرف بہانے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کیس میں تاخیری حربے، پی ٹی آئی نے جواب کیلئے پھر وقت مانگ لیا

شواہد نہیں، صرف بہانے  عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کیس میں تاخیری حربے، پی ٹی آئی نے جواب کیلئے پھر وقت مانگ لیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو تفصیلی تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے غلام مرتضیٰ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی بھی عدالت میں موجود تھے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام اور دیگر متعلقہ فریقین بھی سماعت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کے لیے نہیں بلایا گیا تھا، بلکہ تحریری جواب بھجوانا کافی تھا۔ عدالت نے اس امر کی نشاندہی کی کہ متعلقہ مؤقف تحریری طور پر جمع کرایا جا سکتا تھا۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کے مذکورہ ایکس اکاؤنٹ کو کلیم نہیں کرتی۔ انہوں نے عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حالات تبدیل ہو گئے ہیں اور وہ اپنا جواب جمع کرا دیں گے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جو کچھ کہنا ہے، اسے تحریری طور پر عدالت میں جمع کرایا جائے۔ بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ عدالت انہیں کچھ زیادہ وقت دے تاکہ وہ معاملے پر تفصیلی جواب تیار کرکے جمع کرا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس پاکستان کہاں گئے؟ جسٹس منیب اختر قائم مقام چیف جسٹس بن گئے

عدالت نے بیرسٹر گوہر علی خان کی استدعا پر تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی اور کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔

بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش سے متعلق یہ درخواست غلام مرتضیٰ نے دائر کر رکھی ہے سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے اکاؤنٹ سے لاتعلقی کا مؤقف سامنے آیا جبکہ عدالت نے معاملے پر متعلقہ جواب تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کی۔ آئندہ سماعت پر جمع کرائے جانے والے جواب اور فریقین کے مؤقف کی روشنی میں کیس کی مزید کارروائی آگے بڑھے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles