پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد شہریوں نے صوبائی حکومت، ریسکیو 1122، پولیس اور پاک فوج کی بروقت اور مثالی امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے غیر موزوں عمارتوں میں اسکول چلانے کی اجازت دینے پر انتظامیہ اور سابقہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
حادثے کی جگہ پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں امدادی اداروں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے مثالی کردار ادا کیا۔ مشکل حالات کے باوجود ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور متاثرہ بچوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے۔
شہریوں نے کہا کہ انہیں سابقہ حکومت پر دکھ رہے گا کہ ایسی عمارتوں میں اسکول بنانے کی اجازت کیوں دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ اور سابقہ حکومت سے غیر موزوں عمارتوں میں تعلیمی ادارے چلانے کے معاملے پر جواب طلب کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مقامی لوگوں نے حادثے میں بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی وجوہات سامنے لائی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
شہریوں نے پاک فوج اور سینئر افسران کی موقع پر موجودگی اور امدادی کارروائیوں میں کردار پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں ریسکیو کارروائیوں کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔