امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے کارگو مشن CRS-35 کی روانگی کے دوران آسمان پر ایک غیر معمولی اور دلکش منظر دیکھنے میں آیا، جب راکٹ سے خارج ہونے والے دھوئیں کے بادل سورج کی روشنی میں چمکنے لگے اور ان کی شکل ایک دیوہیکل جیلی فش جیسی دکھائی دینے لگی۔
راکٹ کی لانچنگ کے دوران خارج ہونے والے گیسوں اور دھوئیں کے بادلوں پر سورج کی روشنی پڑنے سے آسمان پر روشن اور منفرد نقش بن گئے، جس نے اس منظر کو مزید حیرت انگیز بنا دیا۔
ماہرین کے مطابق یہ نظارہ عموماً اس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب راکٹ غروب آفتاب کے قریب فضا میں بلند ہوتا ہے۔ اس دوران زمین پر اندھیرا چھانے لگتا ہے، لیکن فضا کی بلندی پر موجود راکٹ کے اخراج سے بننے والے بادلوں تک سورج کی روشنی پہنچتی رہتی ہے۔ یہی روشنی ان بادلوں کو چمکدار بنا دیتی ہے۔
روشنی اور راکٹ سے خارج ہونے والی گیسوں کے امتزاج سے بننے والی یہ جیلی فش جیسی شکل دیکھنے والوں کے لیے ایک منفرد بصری تجربہ بن گئی۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس دلکش منظر کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں، جن میں آسمان پر پھیلے روشن بادلوں کی غیر معمولی شکل نمایاں ہے۔