سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری، جی پی فنڈ سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری، جی پی فنڈ سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

سندھ حکومت نے تمام محکموں کے سرکاری ملازمین کے ریٹائرمنٹ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کے روز ہی گریجویٹی اور جنرل پراویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) کی ادائیگی یقینی بنانے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملازمین کے ریٹائرمنٹ ریکارڈ پہلے سے تیار کیے جائیں تاکہ واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے بچا جا سکے۔

اس حوالے سے جاری سرکاری سرکلر کالج ایجوکیشن سیکریٹری ندیم الرحمٰن میمن کی منظوری سے جاری کیا گیا، جس پر سیکشن آفیسر جنرل ایڈمنسٹریشن غلام مصطفیٰ کے دستخط ہیں۔

سرکلر کے مطابق متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے کم از کم 6 ماہ قبل ان کے مکمل ریٹائرمنٹ ریکارڈ جمع کرائے جائیں۔ اس اقدام کا مقصد متعلقہ حکام کو ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ریٹائرمنٹ واجبات کی بروقت ادائیگی کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طلبا اور سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری یومِ اقبال پر لمبی چھٹی کا امکان

محکمہ کالج ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو گریجویٹی اور جی پی فنڈ کی ادائیگی میں تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ادائیگیوں سے متعلق تمام معاملات فوری طور پر نمٹائے جائیں تاکہ ملازمین کو ان کے واجبات بروقت مل سکیں۔

اس اقدام کا مقصد انتظامی تاخیر کے باعث ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے واجبات کے انتظار میں رہنے والے ملازمین کی مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔

محکمہ کالج ایجوکیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی ڈیجیٹل اسٹاف مینجمنٹ اور ریکارڈ کو شفاف انداز میں محفوظ رکھنے کو انتظامی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم، دستیاب معلومات میں تمام صوبائی محکموں میں اس نظام کے نفاذ کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ ڈیجیٹل ریٹائرمنٹ نظام تمام محکموں میں کس طریقہ کار کے تحت کام کرے گا۔

Related Articles