معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب پیش قدمی، پاکستان اور ورلڈ بینک سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے متفق

معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب پیش قدمی، پاکستان اور ورلڈ بینک سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے متفق

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ کے درمیان تعاون کے آئندہ مرحلے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران احد چیمہ نے معاشی استحکام کو پائیدار اور سرمایہ کاری پر مبنی ترقی میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ورلڈ بینک گروپ کی جانب سے منصوبوں کی تیاری کا اوسط دورانیہ 19 ماہ سے کم کرکے 9 ماہ کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے مالی سال 2026 میں 112 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کے لیے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی قیادت میں حکومتی اصلاحات کا مقصد نظامی رکاوٹوں کو دور کرنا اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنا ہے۔

ملاقات میں طریقہ کار کو آسان بنانے، عملی مؤثریت بڑھانے اور ترقیاتی نتائج کی فراہمی میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا۔ احد چیمہ نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک اور پالیسی اصلاحات کو مؤثر سرمایہ کاری کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپورٹس ڈپلومیسی کا شاندار مظاہرہ، سفیر رضوان شیخ کی ورلڈ بینک کے صدر سے اہم ملاقات، پاکستان کا تیار کردہ فٹبال تحفہ میں پیش

وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت، معدنیات، صحت، ہنرمندی، زرعی ویلیو چینز، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ایم ایل ون اور قومی مصنوعی ذہانت و معاشی ترقی کے پروگرام کے لیے ورلڈ بینک کی مسلسل معاونت کو بھی اہم قرار دیا۔

احد چیمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ کے درمیان شراکت داری کا محور قابل اعتماد نگرانی اور عوام کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت 2028 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالی معاونت دوگنا کرنے کے ہدف پر کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری، جدت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس موقع پر ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے نجی شعبے کی سرگرمیوں میں توسیع اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں اور عوام کے لیے پائیدار نتائج حاصل کرنے کی خاطر موزوں مالیاتی اداروں اور نجی شراکت داروں کا انتخاب ضروری ہے۔

ملاقات میں قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ سرمایہ کاری متحرک کرنے کے لیے خودمختار دولت فنڈ کے قیام کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ترقی، نتیجہ خیز روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے مشترکہ مقصد کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles