انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
مہمان ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد سخت سیکیورٹی میں مقامی ہوٹل منتقل ہوگئی، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے انگلش ٹیم کا استقبال کیا۔
شیڈول کے مطابق سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان پہنچنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ہفتے سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کرے گی تاکہ سیریز کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکے۔
سیریز کا افتتاحی میچ 18 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اسی میدان میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹرائی سیریز کے مقابلے راولپنڈی اور لاہور میں منعقد ہوں گے، جبکہ سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔