عرب اسلامی سربراہی اجلاس نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور جوابی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت نے خطے میں امن کے امکانات ختم کر دیے ہیں، اور اسرائیل کے غیر قانونی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسرائیلی جارحیت کو کسی بھی جواز کے تحت تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا اور اسرائیل کی جانب سے قطر کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو بھی مسترد کر دیا گیا۔
مزید برآں اسرائیلی حملے کے جواب میں قطر کے مہذب اور دانشمندانہ طرزعمل کو سراہا گیا، جبکہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔