صنعتی ترقی کے انقلابی اقدام، ’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ متعارف، 30 لاکھ، 3 کروڑ تک بلاسود قرض کی فراہمی

صنعتی ترقی کے انقلابی اقدام، ’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ متعارف، 30 لاکھ، 3 کروڑ تک بلاسود قرض کی فراہمی

پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جاری ترقیاتی اسکیموں اور ’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کے لیے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس کا انعقاد، ااسکیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر نے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور فنانس اسکیموں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت، اپنا گھر، ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرض کی فراہمی کا ہدف مکمل

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ اور ’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار کارڈ اسکیم‘ نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اسکیم کا دوسرا مرحلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت کاروباری طبقے کو بہتر مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے سے لے کر 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیے جارہے ہیں، جبکہ ’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار ایکسپورٹ فنانس برائے ایس ایم ایز اسکیم‘ کے تحت برآمدی صنعتوں کے لیے 5 کروڑ روپے تک کا بلاسود قرض دستیاب ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جائیں گے، جو چھوٹے کاروباروں کے فروغ روزگار میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسکیم کی چاروں ٹارگٹڈ کیٹیگریز، جن میں وسطی، شمالی، جنوبی اور ایکسپورٹ زون شامل ہیں، کے تحت اب تک 8 ارب روپے مالیت کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس اقدام سے کاروباری طبقے کو اپنی پیداواری سرگرمیوں کو توسیع دینے میں مدد ملی ہے۔

اجلاس میں پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ایک بڑے منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا، جو اگلے ماہ شروع کیا جائے گا۔ وزیر صنعت نے واضح کیا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے اس پروگرام کو انتہائی شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا اور ترقیاتی اسکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی ڈیمانڈ اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس بھی قائم کی جارہی ہیں تاکہ صنعتی شعبے کی ترقی کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں:احساس اپنا گھر سکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کیلئے بلاسود آسان قرضوں کی فراہمی

ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے بتایا کہ ’وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اسکیم‘ کے دوسرے مرحلے کے لیے اب تک 32,512 درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 1,846 کیسز منظور کیے جا چکے ہیں اور ان کے لیے 14 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت اب تک 1,228 افراد کو 8 ارب روپے سے زائد بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جو کاروبار کے فروغ میں ایک بڑا قدم ہے۔

اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی حکومت کو یقین ہے کہ یہ اسکیمیں نہ صرف کاروباری ماحول کو بہتر بنائیں گی بلکہ صوبے میں صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز کریں گی۔

Related Articles