اسلام آباد میں عالمی معیار کے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا فیصلہ

اسلام آباد میں عالمی معیار کے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا فیصلہ

اسلام آباد میں عالمی معیار کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد میچوں کے دوران شہر میں پیدا ہونے والے ٹریفک جام کے مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنا ہے۔

اس منصوبے کے لیے وزارتِ داخلہ نے سیکٹر ڈی-12 کا انتخاب کیا ہے، جہاں جدید سہولیات سے آراستہ دبئی طرز کا اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے کو ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم شہر سے دور واقع ہونے کی وجہ سے بڑے میچوں کے دوران ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو نقل و حرکت میں درپیش مشکلات سے نجات ملے گی۔

ذرائع کے مطابق نئے کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ایک سیون اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا، جہاں بین الاقوامی ٹیموں، میچ آفیشلز اور خصوصی مہمانوں کے لیے اعلیٰ درجے کی رہائش اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جدید پارکنگ سسٹم، سخت سیکیورٹی انتظامات اور ٹرانسپورٹ کی خصوصی خدمات بھی منصوبے میں شامل کی جا رہی ہیں، تاکہ ایونٹس کے دوران انتظامات عالمی معیار کے مطابق ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا بڑا فیصلہ، قومی کرکٹرز کوابو ظہبی ٹی10، دیگر لیگز کے لیے این او سی جاری

ترقیاتی منصوبے میں دبئی اسپورٹس کمپلیکس جیسے جدید فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد کا یہ اسٹیڈیم نہ صرف ملک میں کرکٹ کا ایک بڑا مرکز بنے گا بلکہ بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے لیے بھی بہترین اور موزوں مقام ثابت ہو گا۔ اسٹیڈیم کی تعمیر سے دارالحکومت میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کو نئی جہت ملے گی اور پاکستان میں کرکٹ کے بین الاقوامی معیار کو فروغ حاصل ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *