بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ایک اہم دھچکا لگا ہے کیونکہ مڈل آرڈر کے باصلاحیت بلے باز تلک ورما ابتدائی تین میچز سے باہر ہو گئے ہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ تلک ورما نے بدھ کے روز راجکوٹ میں ٹیسٹیکولر سرجری کروائی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صورتحال صرف نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز تک محدود نہیں، بلکہ 7 فروری کو امریکا کے خلاف ہونے والے ورلڈکپ میچ میں بھی تلک ورما کی شرکت غیر یقینی دکھائی دیتی ہے۔یہ خبر بھارتی ٹیم کے لیے خاصی تشویش کا باعث ہے، کیونکہ تلک ورما حالیہ مہینوں میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کے مستقل اور مؤثر رکن کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال 18 اننگز میں 567 رنز اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بی سی سی آئی کے مطابق سرجری کامیاب رہی اور کھلاڑی کی حالت اب تسلی بخش ہے بورڈ کا کہنا ہے کہ تلک ورما کو جمعرات کی صبح ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ وہ جمعہ کو حیدرآباد واپس روانہ ہوں گےتاہم ان کی کرکٹ میدان میں واپسی کے حوالے سے کوئی حتمی ٹائم لائن سامنے نہیں آئی۔
بورڈ نے واضح کیا ہے کہ سیریز کے آخری دو میچز میں ان کی شرکت کا فیصلہ صرف اس صورت میں کیا جائے گا جب وہ ٹریننگ دوبارہ شروع کریں گے اور فٹنس کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کریں گے۔اہم بات یہ ہے کہ تلک ورما نے سرجری سے ایک روز قبل وجے ہزارے ٹرافی میں حیدرآباد کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگال کے خلاف میچ کھیلا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اس میچ کے دوران انہیں کسی قسم کی واضح چوٹ پیش نہیں آئی تھی۔ تاہم بعد میں درد کی شکایت سامنے آنے پر فوری طور پر میڈیکل اسکین کیے گئے، جن کے نتائج کے بعد ڈاکٹروں نے سرجری کا فیصلہ کیا۔