امریکی حکومت نے عارضی لیبر کی کمی سے نمٹنے کے لیے مالی سال 2026 میں امریکی آجرین کو محدود ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 35 ہزار اضافی ایچ ٹو بی (H-2B) عارضی ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔
اس فیصلے کی تصدیق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) اور محکمہ محنت (DOL) کی جانب سے کر دی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ اضافی ویزے سالانہ مقررہ 66 ہزار ایچ ٹو بی ویزوں کے علاوہ ہوں گے، جس کے بعد مالی سال 2026 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ ایک ہزار تک ایچ ٹو بی ویزے دستیاب ہو سکتے ہیں تاہم ویزوں کی حتمی تعداد کا انحصار آجرین کی طلب اور امیدواروں کی اہلیت پر ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ نئی الاٹمنٹ گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے، کیونکہ 2023 سے 2025 کے دوران اضافی ایچ ٹو بی ویزوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے لیے ویزوں میں اضافہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد کم ہے، جس پر غیر ملکی عارضی ورکرز پر انحصار کرنے والی صنعتوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق کم ویزا الاٹمنٹ کے باعث امریکا میں عارضی ملازمت کے مواقع محدود ہوں گے اور امیدواروں کے درمیان مقابلہ مزید سخت ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ایچ ٹو بی پروگرام کے تحت صرف انہی ممالک کے شہری اہل ہوتے ہیں جنہیں امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی منظوری حاصل ہو ، ان ممالک میں میکسیکو، جمیکا، فلپائن، تھائی لینڈ، برطانیہ، جاپان، برازیل سمیت چند دیگر ممالک شامل ہیں، جبکہ بھارت، پاکستان اور چین جیسے بڑے لیبر فراہم کرنے والے ممالک بدستور اس پروگرام سے باہر ہیں۔