کولمبو میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ایک اہم میچ میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا بلکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
نمیبیا کے خلاف کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز کا ہدف دیا۔ اس بڑے اسکور کی بنیاد فرحان کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز تھی۔
انہوں نے 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 100 رنز اسکور کیے۔ ان کی سنچری نہ صرف میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی بلکہ ایونٹ میں ان کی مسلسل کارکردگی کا تسلسل بھی برقرار رکھا۔
صاحبزادہ فرحان نے ٹی 20 میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کردیا
اس اننگز کے بعد فرحان رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، وہ اب تک چار اننگز میں 220 رنز بنا چکے ہیں، جو کسی بھی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ ہیں،ان کی اوسط اور اسٹرائیک ریٹ بھی ٹیم کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہو رہے ہیں، جس کی بدولت پاکستان کی بیٹنگ لائن کو استحکام ملا ہے۔

