وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر سے ملاقات، جرمن زبان میں گفتگو

وزیراعظم  شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر  سے ملاقات، جرمن زبان میں گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن سٹاکر کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں انہوں نے جرمن زبان میں گفتگو کی، جو کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کی بیرون ملک دورے پر غیر ملکی زبان میں پہلی تقریر کے طور پر ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چانسلر سٹاکر نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے حکومتی اور کاروباری شعبوں کے موجودہ پلیٹ فارمز کو وسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم دفتر کے میڈیا ونگ کے مطابق یہ ملاقات ہوفبرگ پیلس میں وفاقی چانسلری میں ہوئی، جہاں وفاقی چانسلر سٹاکر نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اقتصادی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، مہمان نوازی، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس سلسلے میں زیرِ غور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش انتخابات: وزیراعظم شہباز شریف کا طارق رحمان کو فون، کامیابی پر مبارکباد، دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی

علاقائی اور عالمی پیشرفت، امن و سلامتی کے چیلنجز، تنازعات کے پرامن حل، پائیدار ترقی، ماحولیاتی اقدامات اور انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے ضمن میں بھی دونوں رہنماؤں نے بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی نظام سے وابستگی کا اظہار اور اقوامِ متحدہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم اور چانسلر سٹاکر نے قابلِ تجدید توانائی، توانائی کی بچت، صنعتی پیداوار و تعمیرات، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، آلات جراحی، چمڑے اور کھیلوں کے سامان، صحت، سیاحت و مہمان نوازی اور خوراک و زرعی صنعتوں سے وابستہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے فورم کی مشترکہ صدارت بھی کی۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ حکومتی سطح (G2G)، حکومت و کاروباری شعبے کے درمیان (G2B) اور کاروباری شعبوں کے درمیان (B2B) روابط کو موجودہ پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کے ذریعے مزید وسعت دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے آسٹریا کی کاروباری برادری کو رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران بامعنی اور نتیجہ خیز ملاقاتوں پر وفاقی چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جس سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت فراہم ہونے کی توقع ہے۔

Related Articles