حکومتِ پنجاب نے ماہِ رمضان المبارک کے پیش نظر سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نئے اوقات کا اطلاق فروری سے مارچ 2026 کے دوران ہوگا تاکہ سرکاری ملازمین اور عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے سرکاری دفاتر جو ہفتے میں پانچ دن کام کرتے ہیں، وہ پیر سے جمعرات تک صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جمعہ کے روز ان دفاتر کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح وہ دفاتر جو ہفتے میں چھ دن کام کرتے ہیں، ان کے اوقات پیر سے جمعرات اور ہفتہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز یہ دفاتر صبح 9 بجے سے 12 بج کر 30 منٹ تک کام کریں گے۔
ومت پنجاب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت اور دفتری امور کی بہتر انجام دہی کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اوقاتِ کار میں اس ردوبدل کا مقصد یہ ہے کہ سرکاری ملازمین عبادات اور ذاتی مصروفیات کے لیے مناسب وقت حاصل کر سکیں جبکہ عوامی خدمات کا سلسلہ بھی بلا تعطل جاری رہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ نئے اوقاتِ کار رمضان المبارک کے اختتام تک نافذ العمل رہیں گے، جس کے بعد معمول کے اوقات بحال کر دیے جائیں گے۔