پی ٹی آئی کو عوامی حمایت حاصل ہوتی تو آج خیبر پختونخوامیں لاکھوں کا مجمع ہوتا اور سڑکیں جام ہوتیں،عطا تارڑ

پی ٹی آئی کو عوامی حمایت حاصل ہوتی تو آج خیبر پختونخوامیں لاکھوں کا مجمع ہوتا اور سڑکیں جام ہوتیں،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کو عوامی حمایت حاصل ہوتی تو آج خیبر پختونخوا کے ہر ضلع میں لاکھوں افراد کے اجتماعات ہوتے اور سڑکیں جام ہوتیں، لیکن صوبے میں نہ کوئی بڑا عوامی اجتماع دیکھنے میں آیا اور نہ ہی ایک سڑک بند ہوئی۔

عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کو اطلاعات تھیں کہ تحریک انصاف ایک اور 9 مئی جیسی صورت حال پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم 9 مئی جیسی صورت حال تو دور کی بات، خیبر پختونخوا میں ایک سڑک تک بند نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :خیبر پختونخوا میں سارا دن بازاروں کی رونقیں برقرار رہیں، شہری خوش، پی ٹی آئی سے نجات پر ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوتی تو صوبے کے ہر ضلع میں بڑے اجتماعات ہوتے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوتے، موجودہ صورت حال سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کی حکومت کو مسترد کردیا ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے جس بڑے عوامی ردعمل کی توقع کی جا رہی تھی، وہ سامنے نہیں آیا صوبے میں کاروباری مراکز کھلے رہے، سڑکوں پر ٹریفک رواں رہی اور شہری معمول کی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ تبدیلی نے عوام کو ایک نئی امید دی ہے،حکومت کی ترجیح صوبے میں امن و امان کی بہتری، عوام کے حقوق کا تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

editor

Related Articles