پاکستان نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں اپنی سفارتی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے اہم عالمی رہنماؤں سے رابطے بڑھا دیے ہیں، اسحاق ڈار نے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ کی حیثیت سے کینیڈا، برطانیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق محمد اسحاق ڈار نے کینیڈا کی انیتا آنند کے ساتھ گفتگو میں پاکستان کے مکالمے اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کیا دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے خاص طور پر تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے،اسی سلسلے میں یوویٹ کوپر کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں علاقائی پیش رفت اور امن و استحکام کے امور زیرِ غور آئے،برطانوی وزیرِخارجہ نے خطے میں مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، جبکہ دونوں ممالک نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
بدر عبدالعاطی کے ساتھ رابطے میں بھی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مصری وزیرِخارجہ نے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی اس سلسلے میں دیگر علاقائی و عالمی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں، دونوں رہنماؤں نے عالمی و علاقائی سطح پر امن و استحکام کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان موجودہ حالات میں فعال اور ذمہ دار سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔