پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی خریداری میں غیر معمولی دلچسپی ، ویب سائٹ سرور جواب دے گیا

پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی خریداری میں غیر معمولی دلچسپی ، ویب سائٹ سرور جواب دے گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے کوالیفائر میچز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز ہوتے ہی ویب سائٹ کے سرورز زیادہ ٹریفک کے باعث جواب دے گئے، جس سے صارفین کو خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

منگل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے کوالیفائر میچ کے لیے ای ٹکٹس کی فروخت شروع ہوئی، تاہم شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث ٹکٹوں کی خریداری میں مشکلات آئیں۔ ویب سائٹ کے سرورز بیٹھ گئے، جس کے بعد ادارے نے ٹیکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر کام شروع کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے کوالیفائرز کے ٹکٹ https://pcb.tcs.com.pk ویب سائٹ سے خریدا جا سکتے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق، ای ٹکٹس رکھنے والے شائقین موبائل فون پر ٹکٹ اسکین کروا کر اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے، اور ای ٹکٹس کا پرنٹ بھی داخلے کے لیے قابل قبول ہوگا۔

کراچی میں ہونے والے میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم کے ہر انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے رکھی گئی ہے۔ فزیکل ٹکٹس خریدنے کے لیے شائقین نیشنل بینک اسٹیڈیم کے بالمقابل چائنہ گراؤنڈ میں موجود ٹی سی ایس باکس آفس سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم کی منظوری، پی ایس ایل پلے آف میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

پی سی بی کے اعلان کے مطابق، ای ٹکٹس کی فروخت پیر کی رات سے شروع ہو چکی ہے، جبکہ فزیکل ٹکٹس منگل کی صبح سے خریدی جا سکیں گی۔ اس کے علاوہ، کسٹمر سروس کے نمائندے نے رابطے پر بتایا کہ فزیکل ٹکٹس کی فروخت سے متعلق ابھی تک کوئی اپ ڈیٹ نہیں ملی، اور دفتری اوقات کا آغاز صبح 10 بجے سے ہو گا۔

Related Articles