کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول ریاضی کے ایک اہم پرچے کے امتحان سے قبل لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے غیر معمولی اقدام اٹھا لیا۔ ادارے نے متاثرہ پرچہ منسوخ کرتے ہوئے طلبہ سے دوبارہ امتحان لینے کا اعلان کردیا جبکہ اس فیصلے کے بعد طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
کیمبرج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ جو 29 اپریل 2026 کو مختلف انتظامی زونز میں لیا گیا تھا امتحان سے پہلے غیر مجاز طور پر شیئر کیا گیا۔
ادارے نے واضح کیا کہ مذکورہ پرچہ اب طلبہ کے گریڈز کے تعین میں شامل نہیں ہوگا اور اس کے متبادل کے طور پر نیا امتحان لیا جائے گا۔ کیمبرج کے مطابق ریاضی کے اس پرچے کا دوبارہ امتحان 9 جون 2026 کو لیا جائے گا جبکہ طلبہ یا اسکولوں سے اس کے لیے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
کیمبرج نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے امتحانات کی تیاری کے لیے سخت محنت کی اور ادارہ منصفانہ اور شفاف نتائج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے تعاون سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ پرچہ لیک کرنے میں ملوث عناصر کا تعین کیا جا سکے۔
ادارے نے خبردار کیا کہ امتحانی مواد کو غیر قانونی طور پر شیئر کرنے یا اس کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جس میں کیمبرج کی تمام اہلیتوں سے مستقل نااہلی بھی شامل ہوسکتی ہے۔
کیمبرج کے مطابق اگرچہ امتحانات کے دوران پرچوں کے لیک ہونے کی افواہیں اکثر سامنے آتی رہتی ہیں تاہم اس معاملے میں شواہد کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ پرچہ نتائج کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ادارے نے یہ بھی اعلان کیا کہ نتائج کے اجرا کی تاریخ بدستور 11 اگست 2026 رہے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 15 مئی تک تمام اسکولوں کو نئی ہدایات فراہم کردی جائیں گی جن میں دوبارہ امتحان کے انتظامات، سوالیہ پرچوں کی ترسیل اور آئندہ امتحانی مراحل سے متعلق مکمل معلومات شامل ہوں گی۔