بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک جانے والے افراد کے لیے ای ٹریول ڈاکیومنٹ، ای ٹی ڈی، کے اجرا سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
بیورو کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ای ٹی ڈی کے حصول کے لیے درخواست گزار کی شناخت اور قومی حیثیت کی مکمل تصدیق لازمی ہوگی۔ نئی ہدایات کے تحت شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور امیگریشن ریکارڈ کی تصدیق ای ٹی ڈی کے اجرا کے لیے ضروری قرار دی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق نادرا کے شناختی کارڈ کی تصدیق لازمی ہوگی، جبکہ امپاس سے ایم آر پی یا مینوئل پاسپورٹ کی توثیق بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر شناختی دستاویزات یا دیگر متعلقہ ریکارڈ میں کوئی تضاد پایا گیا تو وزارت داخلہ سے قومی حیثیت کی تصدیق کروائی جائے گی۔
حکام کے مطابق ای ٹی ڈی صرف ان افراد کو جاری کیا جائے گا جن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ دونوں کی تصدیق مکمل ہو۔ تاہم اگر شناختی کارڈ کی تصدیق ہوجائے لیکن پاسپورٹ کی تصدیق نہ کی گئی ہو تو بھی ای ٹی ڈی جاری کیا جاسکے گا، جبکہ دونوں دستاویزات کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں ای ٹی ڈی جاری نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر شناختی کارڈ یا پاسپورٹ دستیاب نہ ہو تو وزارت داخلہ سے تصدیق کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ ادارے کے مطابق امپاس، ایف آئی اے کے ٹریولنگ ریکارڈ کے ذریعے بھی معلومات کی تصدیق کرے گا، جبکہ مینوئل پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے معاملے میں متعلقہ پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھارٹی سے رابطہ کیا جائے گا۔
مزید برآں اگر پاسپورٹ امپاس آفس میں ضبط شدہ پایا گیا تو متعلقہ امیگریشن پورٹ پر ایف آئی اے حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق ای ٹی ڈی کے اجرا سے متعلق وزارت داخلہ اور امپاس کو 24 گھنٹے کے اندر مطلع کرنا بھی لازم ہوگا۔