امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت کی کوشش کریں گے تاہم ایران جنگ کے باعث یہ وقت میرے لیے موزوں نہیں ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر دوسری مرتبہ اس ہفتے کے اختتام پر بہاماس میں بیٹینا اینڈرسن سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونگے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کیمطابق گزشتہ روز اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے بیٹے کی خواہش ہے کہ میں اس کی شادی میں شریک ہوں لیکن اس وقت ایران جنگ اور دیگر معاملات میری ترجیح ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں شرکت کی کوشش کروں گا، یہ ایک چھوٹی نجی تقریب ہو گی لیکن یہ میرے لیے اچھا وقت نہیں کیونکہ ایران کا معاملہ چل رہا ہے، اگر میں شادی میں شرکت کرتا ہوں تو میڈیا تنقید کرے گا اور اگر نہیں بھی جاتا تب بھی ظاہر ہے یہ کام فیک نیوز کی مدد سے ہوگا۔
اُنہوں نے دونوں کی ازدواجی زندگی خوش گوار رہنے کی امید اور خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹیو نائب صدر ہیں اور اپنے والد کے ’میگا‘ سیاسی ایجنڈے کے سرگرم حامی سمجھے جاتے ہیں، وہ اکثر اپنے والد کے ہمراہ مختلف سیاسی اور عوامی تقریبات میں بھی نظر آتے ہیں۔
گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کہا تھا کہ میں ’کسی دن‘ صدارتی انتخاب میں حصہ لے سکتا ہوں جبکہ ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری اور آخری صدارتی مدت جنوری 2029ء تک جاری رہے گی ، ریپبلکن صدر ٹرمپ نے سرِدست اپنے جانشین کا اعلان نہیں کیا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ اپنی غیر مقبول جنگ کے باعث ان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے اور نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل مہنگائی کے معاملے پر ووٹرز خاصے ناراض ہیں۔