ہسپانوی عدالت نے عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ملک کے ٹیکس ادارے کو 5 کروڑ 50 لاکھ یورو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ رقم غلط طور پر وصول کی گئی تھی۔
قومی ہائی کورٹ نے شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے الزامات سے بری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ادا کی گئی رقم سود سمیت واپس کی جائے۔ عدالت کے مطابق ٹیکس حکام یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ شکیرا نے 2011 میں اسپین میں 183 دن گزارے تھے، جو کسی شخص کو ٹیکس رہائشی قرار دینے کے لیے لازمی مدت سمجھی جاتی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد شکیرا نے کہا کہ آخرکار سچ سامنے آگیا۔ میں نے 8 سال تک عوامی تنقید، شہرت خراب کرنے کی مہم اور ذہنی دباؤ برداشت کیا، جس کا اثر میری صحت اور خاندان پر بھی پڑا۔
واپس کی جانے والی رقم میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ یورو انکم ٹیکس اور لگ بھگ 2 کروڑ 50 لاکھ یورو جرمانے شامل ہیں، جنہیں حکام نے پہلے ’’سنگین خلاف ورزی‘‘ قرار دیا تھا۔
دوسری جانب اسپین کے ٹیکس ادارے نے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرے گا اور حتمی فیصلہ آنے تک کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 49 سالہ شکیرا نے سابق ہسپانوی فٹبالر جیرارڈ پیکے کے ساتھ ایک دہائی سے زائد عرصہ گزارا۔ دونوں کی ملاقات 2010 میں فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل گانے ’’واکا واکا‘‘ کی ویڈیو شوٹ کے دوران ہوئی تھی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جرمانے اس بنیاد پر عائد کیے گئے تھے کہ شکیرا 2011 میں اسپین کی ٹیکس رہائشی تھیں، تاہم یہ دعویٰ ثابت نہیں کیا جاسکا۔