ملک کے مختلف علاقوں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے خصوصاً واشک کے علاقے بسیمہ اور گردونواح میں محسوس کیے گئے جہاں زمین لرزنے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز بسیمہ کے جنوب مغرب میں تقریباً 30 کلومیٹر دور تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلہ زیادہ شدت کا نہیں تھا تاہم جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق زلزلے کے دوران گھروں، دکانوں اور عمارتوں میں لرزش محسوس ہوئی جس کے بعد لوگ فوری طور پر کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔
حکام کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
بلوچستان کا بیشتر حصہ زلزلہ خیز پٹی میں واقع ہے جہاں وقتاً فوقتاً معمولی اور درمیانے درجے کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں۔