آسٹریا نے غیر ملکی ہنرمندوں اور اہل افراد کے لیے روزگار اور قانونی رہائش حاصل کرنے کا راستہ فراہم کیا ہے۔
پاکستانی شہری بھی مخصوص شرائط پوری کرکے ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد آسٹریا میں ملازمت حاصل کرکے وہاں قانونی طور پر رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔ تاہم صرف ملازمت کی خواہش یا کسی شعبے میں تجربہ رکھنے سے یہ کارڈ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔
24 ماہ کا کارڈ
آسٹریا کی سرکاری معلومات کے مطابق ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ عموماً 24 ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ اس دوران کارڈ ہولڈر کو درخواست میں درج آجر کے پاس کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔
اس پروگرام میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، مخصوص شعبوں کے ہنرمند کارکنان، آسٹریا کی جامعات سے فارغ التحصیل افراد اور نئے کاروباری افراد کے لیے مختلف کیٹیگریز موجود ہیں۔
ہر کیٹیگری کے لیے اہلیت اور درخواست کی شرائط الگ ہوسکتی ہیں۔ اس لیے امیدواروں کو اپنی تعلیم، تجربے اور پیشے کے مطابق متعلقہ زمرے کا انتخاب کرنا ضروری ہے۔
کن شرائط پر کارڈ مل سکتا ہے؟
پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے متعلقہ پیشے کی تربیت یا قابلیت کا ثبوت اور آسٹریا کے آجر کی باقاعدہ ملازمت کی پیشکش اہم شرائط میں شامل ہیں۔ بعض کیٹیگریز میں امیدوار کو مقررہ پوائنٹس بھی حاصل کرنا ہوتے ہیں۔
اہلیت کا جائزہ لینے کے لیے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کام کے تجربے، عمر اور زبان کی مہارت جیسے عوامل کو دیکھا جاسکتا ہے۔ امیدواروں کو اپنی فنی اسناد، تجربے کے سرٹیفکیٹس اور جرمن یا انگریزی زبان کی مہارت کے شواہد تیار رکھنے چاہییں۔
تاہم ہر درخواست گزار کے لیے ایک جیسی شرائط لاگو نہیں ہوتیں۔ ضروری دستاویزات اور اہلیت کا انحصار منتخب کیٹیگری پر ہوتا ہے۔
ہر پیشے کے لیے ایک جیسے قواعد نہیں
آسٹریا میں کسی شعبے میں ملازمین کی ضرورت ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ ہر غیر ملکی امیدوار کو ملازمت یا رہائشی کارڈ مل جائے گا۔ امیدوار کو متعلقہ کیٹیگری کی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔
نرسنگ اور بعض دوسرے ضابطہ بند پیشوں میں پیشہ ورانہ قابلیت کی باضابطہ منظوری بھی ضروری ہوسکتی ہے۔ ایسے شعبوں میں صرف ملازمت کی پیشکش ملنے سے کام شروع کرنے کی اجازت خودکار طور پر نہیں ملتی۔
ہوٹلنگ، کھانا پکانے، ریسٹورنٹ سروسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، ڈرائیونگ اور دیگر فنی شعبوں سے وابستہ پاکستانی اپنی قابلیت کے مطابق دستیاب مواقع کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ تاہم ہر
پیشے کے لیے موجودہ شرائط اور ملازمت کی دستیابی الگ سے جانچنا ضروری ہے۔
ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ رکھنے والے بعض اہل افراد مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ پلس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے عموماً گزشتہ 24 ماہ میں کم از کم 21 ماہ متعلقہ شرائط کے مطابق ملازمت کرنا ضروری ہوتا ہے۔
پاکستانی امیدواروں کو درخواست دینے سے پہلے آسٹریا کے آجر، ملازمت کی پیشکش، تنخواہ، زبان اور تعلیمی یا فنی اسناد کی تصدیق کرنی چاہیے۔ کسی ایجنٹ کے دعوے یا غیر سرکاری اشتہار کو ویزے کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے۔
ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ کی مختلف کیٹیگریز، موجودہ شرائط اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات آسٹریا کی سرکاری امیگریشن ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔