راولپنڈی میں احتجاج  اور ریلیوں کا راستہ بند،انتظامیہ نے30 روز کیلئے دفعہ 144 کا حصار کھینچ دیا

راولپنڈی میں احتجاج  اور ریلیوں کا راستہ بند،انتظامیہ نے30 روز کیلئے دفعہ 144 کا حصار کھینچ دیا

  ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں سمیت مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک، مجموعی طور پر 30 روز کے لیے ہوگا،پابندی کا اطلاق ضلع راولپنڈی کی انتظامی حدود میں کیا جائے گا۔

حکم نامے کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کی اجازت بھی نہیں ہوگی،ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی انتظامات کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اب کوئی گنجائش باقی نہیں بچی،خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، محسن نقوی

دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز تقاریر، ڈرون کے استعمال اور ون ویلنگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، حکم نامے کے مطابق پابندی کی مدت کے دوران ممنوعہ سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کا اطلاق ضلع راولپنڈی کی حدود تک محدود رہے گا اور پابندیاں 8 نومبر 2026 تک برقرار رہیں گی،ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر عمل کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کریں جو قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہو،انتظامیہ کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کا تعاون ضروری ہے، جبکہ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے۔

editor

Related Articles