وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مخلصانہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی،ایرانی سفیر

وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مخلصانہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی،ایرانی سفیر

ایران کی جانب سے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کو خطے میں امن کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چند منٹ قبل پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران سے واپسی کے بعد ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ امید کے ساتھ یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ اگر دوسرا فریق سنجیدگی اور عملی وابستگی کا مظاہرہ کرے تو خطے میں ایک مثبت پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اسلامی جمہوریہ ایران کے وقار پر مبنی مؤقف، ایرانی مسلح افواج کی ثابت قدمی، ایرانی عوام کی مزاحمت اور پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا،ایرانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت اور افواجِ پاکستان کی کوششیں دیرپا امن اور استحکام کا سبب بنیں گی۔

انہوں نے بالخصوص وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایرانی سفیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستانی حکومت، عسکری قیادت اور سفارتی ٹیم کی مخلصانہ کوششوں پر دلی اور بھرپور شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور رابطوں میں مزید بہتری آئے گی، جو پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔

editor

Related Articles