چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد، چینی خلا باز ژو یانگ ژو نے دوستی کی علامت تحفہ پیش کیا، شین ژو 23 کے ذریعے دو چینی ساتھیوں سمیت آج وطنِ زمین پر واپسی، ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر استقبال کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔
پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے خلا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے بعد ایک اور اعزاز حاصل کر لیا۔ چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں انہیں پاک چین دوستی کی علامت کے طور پر خصوصی تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ تاریخی خلائی مشن مکمل ہونے کے بعد اب ان کی بحفاظت واپسی کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
چینی خلا باز ژو یانگ ژو نے عملے کی تبدیلی اور ذمہ داریوں کی منتقلی کی تقریب کے دوران محمد ذیشان علی کو خصوصی تحفہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرپا دوستی، تعاون اور مضبوط تعلقات کی امید کا اظہار بھی کیا۔ یہ تحفہ دونوں ممالک کے خلائی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون اور دوستانہ تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
واپسی کا سفر شروع
محمد ذیشان علی نے چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر اپنے قیام کے دوران تفویض کردہ سائنسی تجربات مکمل کیے۔ ان میں گرین مائیکرو فیکٹری، مرکب مواد کی خود مرمت کی صلاحیت، ہائبرڈ کمپوزٹ شیلڈ اور کوئنو کے بیجوں سے متعلق تجربات شامل تھے۔
سپارکو کے مطابق خلائی اسٹیشن پر ضروری سائنسی اور انتظامی امور مکمل کرنے کے بعد ذیشان علی نے چینی خلا باز ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔
استقبال کی تیاریاں مکمل
چین کے شمالی علاقے اندرونی منگولیا میں واقع ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر تینوں خلا بازوں کی بحفاظت واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ خلائی جہاز کی متوقع لینڈنگ 30 نومبر کی صبح تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہے۔
لینڈنگ کے بعد تینوں خلا بازوں کی ابتدائی طبی جانچ اور مختصر گفتگو متوقع ہے جس کے بعد انہیں بحالی کے مرحلے سے گزارا جائے گا۔