وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور پاک ترک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان سمیت ترکیے کی حکومت اور عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی جبکہ ترک صدر نے بھی پاکستانی عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور آزمودہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حالیہ اعلیٰ سطح ملاقاتوں میں کیے گئے فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری امن کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے اقدامات کی حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان اور ترکیے کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد دی، وزیراعظم نے ترکیے کی قیادت اور عوام کو بھی عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔