شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آگئی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے آج (یکم جولائی) سے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں تیز ہواؤں گرج چمک اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے جبکہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی مشرقی اور وسطی علاقوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔ مزید برآں خلیج بنگال سے نمی سے بھرپور ہوائیں بھی بالائی علاقوں کا رخ کریں گی جس کے باعث یکم سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں مون سون سرگرمیاں شدت اختیار کریں گی۔
پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال جہلم گجرات منڈی بہاؤالدین گوجرانوالہ وزیرآباد حافظ آباد سیالکوٹ نارووال لاہور شیخوپورہ فیصل آباد سرگودھا خوشاب اور گردونواح میں آج سے وقفے وقفے سے بارش آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 سے 5 جولائی کے دوران بارشوں کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور ملتان خانیوال لودھراں مظفرگڑھ ڈیرہ غازی خان راجن پور بہاولپور بہاولنگر ساہیوال اوکاڑہ پاکپتن جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ چنیوٹ میانوالی بھکر لیہ اور ننکانہ صاحب سمیت جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع میں 3 اور 4 جولائی کے دوران مون سون بارشیں متوقع ہیں جبکہ کراچی سمیت زیریں سندھ میں فوری طور پر بارش کے امکانات محدود ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی لاہور گوجرانوالہ فیصل آباد اور دیگر نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ مری گلیات کشمیر گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ریسکیو اداروں، واسا، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے اس نئے سلسلے سے کئی شہروں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی گرمی اور حبس کی شدت کم ہوگی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے تاہم شدید بارش آندھی اور گرج چمک کے دوران احتیاط کرنا ضروری ہوگا۔