اتنے دھوکوں کے بعد پھر دھوکہ کھائیں گےتوقصوراپنا ہوگا،قاسم سوری قیادت پر برس پڑے

اتنے دھوکوں کے بعد پھر دھوکہ کھائیں گےتوقصوراپنا ہوگا،قاسم سوری قیادت پر برس پڑے

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں اپنی ہی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار دھوکہ کھانے کے بعد دوبارہ دھوکہ کھانا بھی اپنا انتخاب ہوگا۔

قاسم سوری نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اتنے دھوکوں کے بعد اگر دوبارہ دھوکہ کھایا جائے تو پھر قصور دھوکہ دینے والوں کا نہیں بلکہ اپنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ جو لوگ بار بار ایک ہی تجربے سے گزرتے ہیں، انہیں اپنے فیصلوں پر بھی غور کرنا چاہیے۔

بچھو کی مثال

انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کے لیے بچھو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بچھو کا ڈسنا اس کی فطرت اور دفاعی نظام کا حصہ ہے، جبکہ اس کی سرشت میں نقصان پہنچانا شامل ہے،قاسم سوری نے کہا کہ انسان اشرف المخلوقات ہے، اس لیے بار بار ڈسے جانا اس کا اپنا انتخاب ہے۔

لانگ مارچ پر دوٹوک مؤقف

سابق ڈپٹی اسپیکر نے واضح کیا کہ 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کو منسوخ کرنے کا اختیار صرف اور صرف عمران خان کے پاس ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اجازت کے بغیر کسی بھی صورت 4 اکتوبر کا لانگ مارچ منسوخ نہیں ہونا چاہیے۔

ملاقات کو فیصلہ کن قرار دے دیا

قاسم سوری نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے،عمران خان سے ملاقات اور خود بانی پی ٹی آئی کے اعلان کے بغیر لانگ مارچ سے متعلق ہونے والی کوئی بھی پیش رفت فریب کے مترادف ہوگی۔

مذاکرات کا پس منظر

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان 4 اکتوبر کے مجوزہ لانگ مارچ کے معاملے پر مذاکرات جاری ہیں، فریقین کے درمیان بات چیت کے دوران احتجاجی پروگرام، عمران خان سے متعلق معاملات اور خیبر پختونخوا کی صورتحال زیر بحث ہے۔

 

editor

Related Articles