خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت مختلف علاقوں میں آمدورفت اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، جن میں ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر بھی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کے باعث دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا اور اعظم ورسک میں لوڈر رکشوں، سنگل اور ڈبل کیبن کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر اور ڈمپرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو یکم اکتوبر رات 9 بجے سے 10 اکتوبر رات 9 بجے تک نافذ رہے گی۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان اپر میں بھی لوڈر رکشوں، کارگو گاڑیوں، شہزور، مزدا، سوزوکی لوڈر، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈمپرز کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو 3 سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ، کلاچی، ہتھالہ، کوٹ اٹل، گڑھ عبداللہ اور متعدد لنک روڈز پر آمدورفت محدود کردی گئی ہے۔ یہ پابندی 4 سے 6 اکتوبر تک صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ رہے گی، جبکہ پوٹہ ہتھالہ بازار بھی بند رہے گا۔
ضلع ٹانک میں مختلف روٹس پر افراد، مسافر و کارگو گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جو 3 اکتوبر رات 9 بجے سے 5 اکتوبر دوپہر 12 بجے تک نافذ رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، ہنگامی خدمات اور سکیورٹی فورسز کی اجازت سے ہونے والی ہنگامی نقل و حرکت کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل 3 ستمبر کو بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، جس کے تحت متعدد سڑکوں پر آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔