تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد گنڈی چوک لکی مروت پہنچ گئی، تاہم پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی عدم موجودگی کے باعث کارکنان میں مایوسی پائی جارہی ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے گنڈی چوک لکی مروت پہنچے ہیں، جہاں کارکنان لانگ مارچ کے آغاز کے منتظر ہیں۔ تاہم تاحال تحریک انصاف کا کوئی مرکزی یا صوبائی رہنما گنڈی چوک نہیں پہنچا۔
کارکنان نے قیادت کی عدم موجودگی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ ایک جانب وہ گنڈی چوک پہنچ چکے ہیں جبکہ دوسری جانب قیادت کی جانب سے ان کے ساتھ موجودگی نظر نہیں آرہی۔
کارکنان نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت پارلیمنٹ ہاؤس اور حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات میں عمران خان کے معاملے پر سمجھوتہ کرنے میں مصروف ہے۔
کارکنان کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی اپنی حکومت اور کرسی بچانے کے لیے عمران خان کے معاملے پر سمجھوتہ کررہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت بچانے کے لیے عمران خان کا سودا کیا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کے جیل میں مزید کئی سال رہنے کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
گنڈی چوک پر موجود کارکنان کی جانب سے قیادت کی آمد کا انتظار کیا جارہا ہے، جبکہ مرکزی اور صوبائی قیادت کی عدم موجودگی کے باعث کارکنان میں مایوسی کی کیفیت نظر آرہی ہے۔