فیفا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل ،فرانس اور اسپین آج مدمقابل ہوں گے

فیفا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل ،فرانس اور اسپین آج مدمقابل ہوں گے

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، آج پہلے سیمی فائنل میں فرانس اور اسپین مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔

میچ میں فرانس کی امیدوں کا محور اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے ہوں گے، جن کی برق رفتار دوڑ، مہارت اور گول اسکورنگ صلاحیت حریف دفاع کے لیے بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب اسپین کی نوجوان سنسنی لامین یامال اپنی شاندار فارم کے باعث ٹیم کی سب سے بڑی امید سمجھے جا رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈ کپ 2026 نے شائقین کی تعداد کے حوالے سے نئی تاریخ رقم کر دی

اس سیمی فائنل میں فرانس کے خطرناک اٹیک کا مقابلہ اسپین کے مضبوط اور منظم دفاع سے ہوگا جس نے پورے ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسپین کے خلاف اب تک صرف ایک گول اسکور کیا جا سکا ہے، جو اس کے دفاعی نظام کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔

اسپین موجودہ ورلڈ کپ میں تاحال ناقابل شکست ہے۔ ٹیم کا واحد ڈرا کیپ ورڈے کے خلاف بغیر کسی گول کے رہا، جبکہ دیگر تمام مقابلوں میں اس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ اسپین اب اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرعزم ہے۔

دوسری جانب 2018 کی عالمی چیمپئن فرانس کی ٹیم بھی تجربہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ فرانس گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی فائنل تک پہنچا تھا تاہم اس بار اس کا ہدف ایک بار پھر عالمی اعزاز اپنے نام کرنا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :کانگو نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی

حالیہ برسوں میں اسپین کو فرانس کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل رہی ہے۔ اسپین نے فرانس کو یورو 2024 اور گزشتہ سال یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی تھی جس کے باعث آج کا مقابلہ مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

فٹبال شائقین کی نظریں اس بڑے معرکے پر مرکوز ہیں جہاں دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں سے سجا یہ مقابلہ ورلڈ کپ کے یادگار میچوں میں شمار ہوگا۔

editor

Related Articles