سام سنگ کی ہیلتھ ایپ استعمال کرنے والے بعض صارفین کو ایک نئی اجازت ( کنسنٹ)دینے کا کہا جا رہا ہے، جس کے تحت کمپنی ان کا ذاتی صحت کا ڈیٹا مصنوعی ذہانت کی تربیت اور ماڈلنگ کے لیے استعمال کر سکے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپ میں’’ مصنوعی ذہانت کی تربیت اور ماڈلنگ کے لیے صحت کے ڈیٹا کے استعمال کی اجازت کے نام سے ایک نیا آپشن ظاہر ہونا شروع ہوا ہے۔
ہاؤ ٹو گیک کی جانب سے شائع کردہ اسکرین شاٹس کے مطابق اگر صارف اس اجازت کو واپس لیتا ہے تو اسے خبردار کیا جاتا ہے کہ اس کے بعد اس کا صحت کا ڈیٹا سام سنگ اکاؤنٹ کے ساتھ مزید ہم آہنگ نہیں ہو سکے گا۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اجازت واپس لینے کی صورت میں متعلقہ صحت کا ڈیٹا حذف کر دیا جائے گا، تاہم اگر قانون کے تحت کمپنی کو یہ معلومات محفوظ رکھنا ضروری ہو تو انہیں مقررہ مدت تک برقرار رکھا جائے گا۔ قانونی مدت ختم ہونے کے بعد وہ ڈیٹا بھی حذف کر دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا فیچر فی الحال صرف محدود صارفین کو دکھائی دے رہا ہے، جبکہ سام سنگ نے ابھی تک باضابطہ طور پر یہ واضح نہیں کیا کہ اسے کتنے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے یا اس کا دائرہ کار کتنا وسیع ہوگا۔