سیاسی رہنماؤں کا فضل الرحمان سے شہداء سے متعلق بیان واپس لے کر معذرت کا مطالبہ

سیاسی رہنماؤں کا فضل الرحمان سے شہداء سے متعلق بیان واپس لے کر معذرت کا مطالبہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیان پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جبکہ مختلف سیاسی شخصیات نے ان سے اپنا بیان واپس لینے اور قوم سے معذرت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر اور قومی غیرت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو کسی بھی دنیاوی پیمانے سے نہیں تولا جا سکتا اور شہداء کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے کروڑوں پاکستانیوں کے دل دکھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات قومی جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک نے فضل الرحمان کے بیان کو افسوس ناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے حوالے سے اس نوعیت کے بیانات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی فرخ کھوکھر قتل کے مقدمہ میں گرفتار،عمر قید کی سزا

وزیراعظم کے کواڈینیٹر اختیار ولی خان نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی صرف پیسوں کے لیے اپنی جان قربان کرتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں وطن اور قوم کے لیے ہوتی ہیں، انہیں مالی مفادات سے جوڑنا درست نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما فرح خان نے کہا کہ یہ بیان پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی ناکام کوشش ہے اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ذرا ہوش سنبھال کر بات کریں، یہ فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو پیسوں میں تولنا انتہائی تکلیف دہ عمل ہے اور اس طرح کے بیانات شہداء کے خاندانوں اور پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عون چوہدری کا مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر شدید ردعمل، قوم اور شہدا کے لواحقین سے معافی کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے بھی فضل الرحمان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا قوم کے جذبات کو مجروح کرنے والا اقدام ہے۔

سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان کے بارے میں غیر محتاط بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔ سیاسی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا بیان واپس لیں اور اس پر معذرت کریں۔

Related Articles