وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت آئین پاکستان کے دائرے میں ہر قسم کے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم ملک کو تقسیم کرنے کی سوچ رکھنے والوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو سکتی۔
20ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست ہر چیز سے مقدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورننس سے متعلق تحفظات ہو سکتے ہیں، لیکن ریاست کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ تشدد، ریاست مخالف پروپیگنڈا اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والی آوازیں ملک میں نفرت اور انتشار کو فروغ دے رہی ہیں، تاہم پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی وجہ صرف پسماندگی نہیں بلکہ ایک ایسی سوچ بھی ہے جو طاقت کے ذریعے اپنا نظریہ نافذ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے بقول، ریاست امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔