بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا تقریباً 7 سال بعد فلم ’روپا‘ کے کے ذریعے ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔
اداکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی نئی فلم کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فلم کی ہیروئن اور نئی اداکارہ رانی سوارنکار کو بھی میڈیا سے متعارف کرایا، جو فلم میں ان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گی۔ گووندا اس فلم میں اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور پروڈیوسر بھی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گووندا نے کہا کہ طویل عرصے تک فلمی دنیا سے دور رہنا شاید ان کی قسمت کا حصہ تھا۔ ان کے بقول کئی لوگوں نے یہ تاثر دیا کہ وہ اب دوبارہ فلموں میں نظر نہیں آئیں گے، تاہم انہوں نے ہمیشہ نئی شروعات پر یقین رکھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ ’روپا‘ توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرے اور شائقین کے دلوں میں اپنی منفرد جگہ بنائے۔گووندا کے مطابق فلم کا مرکزی مقصد نوجوان نسل کو حوصلہ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فلم نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران گووندا نے علمِ اعداد (نیومرولوجی) سے اپنے لگاؤ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نمبر 14 ان کی زندگی میں ہمیشہ خوش قسمت ثابت ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ 14 سال کی عمر سے علمِ اعداد پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی عرصے میں انہوں نے ایک ہی ہفتے کے دوران 14 فلمیں سائن کیں، جس کے بعد انہیں تقریباً 14 سال تک سپر اسٹارڈم حاصل رہا۔
گووندا نے مزید کہا کہ وہ 14ویں لوک سبھا کے رکن بھی منتخب ہوئے، جبکہ فلمی دنیا میں اس واپسی سے قبل انہیں زندگی کے 14 برس جدوجہد میں گزارنے پڑے۔