جاپان میں مسلسل کم ہوتی شرح پیدائش کے باعث نہ صرف آبادی کا توازن تبدیل ہو رہا ہے بلکہ کاروباری رجحانات بھی بدلنے لگے ہیں۔ اب بچوں کی مصنوعات تیار کرنے والی کئی کمپنیاں پالتو جانوروں کے لیے اشیا بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کی پیٹ کیئر انڈسٹری کا حجم بڑھ کر تقریباً 5.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جس کے بعد متعدد کمپنیاں بچوں کے بجائے کتوں اور بلیوں کے لیے ڈائپر، کیریئر اور دیگر ضروری مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان میں پالتو جانور اب محض جانور نہیں رہے بلکہ انہیں خاندان کے ایک اہم فرد، بلکہ بچوں جیسا درجہ دیا جانے لگا ہے، جس کے باعث ان پر اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کم ہوتی شرح پیدائش اور بدلتے سماجی رجحانات نے جاپان میں صارفین کی ضروریات کو بھی تبدیل کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی کمپنیاں اپنی کاروباری حکمت عملی نئی طلب کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔