پرانے پاسپورٹ ختم ، نئے ای پاسپورٹ اجرا کا فیصلہ، پاسپورٹ نظام میں بڑا انقلاب

پرانے پاسپورٹ ختم ، نئے ای پاسپورٹ اجرا کا فیصلہ، پاسپورٹ نظام میں بڑا انقلاب

پاکستان نے سفری دستاویزات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے روایتی مشین ریڈیبل پاسپورٹ (MRP) کو مرحلہ وار ختم کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو آسان تیز محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد عبد الخالق نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے اپنا پہلا ای پاسپورٹ 2022 میں جاری کیا تھا تاہم اس وقت یہ نظام عالمی ای گیٹس سے مکمل طور پر منسلک نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں سسٹم کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور اب پاکستان کے پاس مکمل بین الاقوامی معیار کا ای پاسپورٹ نظام موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے ای پاسپورٹ میں جدید لیزر اینڈ گریونگ ٹیکنالوجی، الیکٹرانک چِپ اور ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ شامل ہوگا جس کے باعث اس کی نقل یا جعل سازی انتہائی مشکل ہو جائے گی۔

دنیا بھر کے ای گیٹس پر پاسپورٹ میں محفوظ ڈیجیٹل معلومات کی فوری تصدیق ممکن ہوگی جس سے پاکستانی مسافروں کو امیگریشن کے دوران طویل انتظار اور اضافی جانچ پڑتال سے بڑی حد تک نجات ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی دوڑ، اوڈی بازی لے گی، گاڑی 90 لاکھ سستی کر دی

ڈی جی پاسپورٹس کے مطابق پاکستان کی بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پاکستانی ای پاسپورٹ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ای گیٹس پر مزید مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو پاسپورٹ سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں موجود پاکستانی اپنی تصاویر، مطلوبہ دستاویزات اور دیگر معلومات آن لائن جمع کرا سکیں گے۔

محمد عبد الخالق کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہری کو بائیومیٹرک تصدیق یا آن لائن درخواست میں دشواری پیش آئے تو وہ قریبی پاسپورٹ آفس یا نادرا مرکز جا کر اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا فراہم کر سکے گا تاہم اسے طویل قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضرورت پڑنے پر درخواست گزار کا انٹرویو بھی آن لائن لیا جا سکے گا جبکہ مطلوبہ دستاویزات ڈیجیٹل صورت میں طلب کی جائیں گی۔

پاسپورٹ فیس موبائل بینکنگ ایپس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکے گی اور تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد پاسپورٹ درخواست گزار کے گھر پہنچا دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس جدید نظام سے نہ صرف پاسپورٹ کے اجرا کا عمل شفاف اور تیز ہوگا بلکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر لمبی قطاروں اور وقت کے ضیاع سے بھی نجات ملے گی جبکہ پاکستان کا پاسپورٹ نظام عالمی ڈیجیٹل سفری معیار سے مزید ہم آہنگ ہو جائے گا۔

editor

Related Articles