سہیل احمد نے اللّٰہ رکھا پیپسی کی وفات سے قبل کی صورتحال بیان کر دی

سہیل احمد نے اللّٰہ رکھا پیپسی کی وفات سے قبل کی صورتحال بیان کر دی

حال ہی میں ایک کامیڈی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد نے کہا کہ اللّٰہ رکھا نہایت باصلاحیت، خوددار اور باوقار فنکار تھے، جنہوں نے شدید مالی مشکلات کے باوجود کبھی کسی کے سامنے مدد کے لیے ہاتھ نہیں پھیلایا۔

سہیل احمد کے مطابق اللّٰہ رکھا اپنی بیٹی کی ازدواجی زندگی کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم کے داماد کا رویہ نامناسب تھا، وہ بار بار مالی مطالبات کرتا تھا اور ان کی بیٹی پر تشدد بھی کرتا رہا، جس کی وجہ سے اللّٰہ رکھا شدید پریشان رہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:7 سال بعد گووندا کی نئی فلم کے ساتھ سینما گھروں میں واپسی

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ رکھا اکثر اس بات کا اظہار کرتے تھے کہ وہ داماد کے مطالبات پورے کرنے کی مزید استطاعت نہیں رکھتے۔ سہیل احمد نے مزید بتایا کہ اللّٰہ رکھا کی تدفین کے دوران ایک نوجوان نے انہیں اطلاع دی کہ اسی روز مرحوم کی بیٹی کو طلاق بھی ہو گئی تھی، جس نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا۔

ان کے بقول، یہ افسوسناک خبر اللّٰہ رکھا کو دل کا دورہ پڑنے سے چند گھنٹے قبل ملی تھی۔ اگرچہ وہ پہلے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے، تاہم علاج کرانے سے گریز کرتے رہے۔ سہیل احمد کا کہنا تھا کہ ممکن ہے بیٹی کی طلاق کا صدمہ ان کی طبیعت پر مزید بوجھ بن گیا ہو، تاہم اس کی حتمی وجہ نہیں بتائی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ڈرامے نیٹ فلکس سے دور کیوں؟ فیصل قریشی نے وجہ بتا دی

واضح رہے کہ معروف اسٹیج اداکار اللّٰہ رکھا، جو پیپسی اور پانی پوری کے نام سے بھی پہچانے جاتے تھے، 50 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔واقعے کے وقت وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کی ریکارڈنگ میں مصروف تھے کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

editor

Related Articles