امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث متعدد بین الاقوامی ایئر لائنز نے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے اپنی پروازیں منسوخ یا عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر کینیڈا نے تل ابیب اور دبئی کے لئے اپنی پروازیں 24 اکتوبر تک منسوخ کر دی ہیں، یونان کی سب سے بڑی فضائی کمپنی نے دبئی کے لئے پروازیں 31 اگست تک، جبکہ اربیل اور بغداد کے لیے پروازیں 30 ستمبر تک معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر فرانس نے بیروت کے لئے پروازیں 2 اگست تک معطل کر دی ہیں جبکہ کے ایل ایم نے ریاض، دمام اور دبئی کے لیے پروازیں 15 جولائی تک روک دی ہیں۔
دوسری جانب ہانگ کانگ کی فضائی کمپنی کیتھے پیسفک نے بھی مشرق وسطیٰ میں غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دبئی کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ دیگر کئی بین الاقوامی ایئر لائنز بھی خطے کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں۔
ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے پروازوں سے متعلق فیصلے سیکیورٹی صورتحال اور متعلقہ حکام کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو مزید فضائی کمپنیاں بھی اپنے روٹس تبدیل کرنے یا پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے پر غور کر سکتی ہیں، جس سے مشرق وسطیٰ آنے اور جانے والے ہزاروں مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔