مسافروں کیلئے خوشخبری ، قومی ایئر لائن کا کرایوں میں رعایت کا اعلان

مسافروں کیلئے خوشخبری ، قومی ایئر لائن کا کرایوں میں رعایت کا اعلان

پاکستان کی قومی ایئرلائن نے سعودی عرب کا سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے ریاض اور دمام جانے والی پروازوں پر 40 فیصد تک رعایت کا اعلان کیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے،  اس اقدام کو مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو باقاعدگی سے ان روٹس پر سفر کرتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی مسافروں کی سب سے زیادہ آمدورفت ریاض اور دمام کے ذریعے ہوتی ہے،  اسی وجہ سے ان دونوں اہم روٹس پر کرایوں میں نمایاں کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا،  اس رعایت کا بنیادی مقصد بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں پر مالی بوجھ کو کم کرنا اور انہیں سستی اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے حج 2026 کے لیے سخت شرائط جاری کردیں، تفصیل جانئے

ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رعایتی نرخوں پر ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور مسافر فوری طور پر اپنی نشستیں محفوظ کرا سکتے ہیں،  اس کے لیے ایئرلائن کے دفاتر، مستند ٹریول ایجنٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے جلد از جلد بکنگ مکمل کریں تاکہ رعایتی نشستیں حاصل کی جا سکیں۔

سفر کرنے والے شہریوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی محنت کش، کاروباری افراد اور خاندانوں کے لیے یہ ایک بڑی سہولت ہے ، کرایوں میں اس نمایاں کمی سے نہ صرف ان کے سفر کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ انہیں زیادہ آسانی کے ساتھ اپنے وطن آنے جانے کا موقع بھی ملے گا۔

ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن مستقبل میں بھی مختلف بین الاقوامی روٹس پر ایسی خصوصی سہولتیں متعارف کراتی رہے گی، تاکہ مسافروں کو بہتر، آرام دہ اور کم خرچ سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

editor

Related Articles