دو روز تک جاری رہنے والی شدید گرمی اور حبس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریاۓ چناب میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ۔
دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں کے مختلف شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں۔
این ڈی ایم اے نے اپنے ہنگامی الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریاۓ چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں درمیانے درجے سے بلند درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ادارے نے متعلقہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
دریاۓ چناب کے کنارے آباد آبادیوں، نشیبی علاقوں اور کچے کے مکینوں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور آبپاشی کے محکموں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دریا، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کرنے بچوں کو پانی کے بہاؤ والے مقامات سے دور رکھنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار رہے گا۔