لاہور میں پولیس ریڈ کے دوران ڈاکو کی فائرنگ، گلی میں کھڑی خاتون جاں بحق

لاہور میں پولیس ریڈ کے دوران ڈاکو کی فائرنگ، گلی میں کھڑی خاتون جاں بحق

لاہور کے فیکٹری ایریا میں پولیس کی ریڈنگ پارٹی پر مبینہ ڈاکو کی فائرنگ کے نتیجے میں گلی میں کھڑی ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر ریڈنگ پارٹی نے حسنین بٹ عرف سنی نامی مبینہ ڈاکو کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تاہم ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔

 یہ بھی پڑھیں :لاہور بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی نے خودکش دہشتگرد گرفتار کرلیا

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران گلی میں موجود ایک خاتون گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی ، خاتون کو فوری طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت ارفع بی بی زوجہ بلال کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی کینٹ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ فرانزک اور شواہد اکٹھا کرنے والی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد حاصل کیے۔

 یہ بھی پڑھیں :لاہور: کاہنہ میں گھر سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں برآمد، والد کو حراست میں لے لیا گیا

ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Related Articles