نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے نے آزاد کشمیر میں 19 سے 24 جولائی تک لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ بیان کے مطابق نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ کے علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے، جبکہ کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی خطرات موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور خطرناک مقامات کے قریب جانے سے احتیاط کریں۔
دوسری جانب پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، شیخوپورہ، پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی مشینری اور امدادی ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور مستند معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔