سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نئی سرکاری سہولت کا اعلان

سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، نئی سرکاری سہولت کا اعلان

سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ایک اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے موبائل رجسٹریشن ٹیم کا نیا دورہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات کی فراہمی کے لیے سفارت خانے یا قونصل خانے کے بار بار چکر لگانے سے بچانا اور ان کے قریب ہی نادرا کی خدمات فراہم کرنا ہے۔

نادرا کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم سعودی عرب کے شہر الظہران کا دورہ کرے گی، جہاں پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی رجسٹریشن کیمپ قائم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق یہ کیمپ تمیمی نیو کیمپ، الظہران ایسٹرن پراونس میں منعقد ہوگا جہاں 24 اور 25 جولائی 2026 (جمعہ اور ہفتہ) کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک (مقامی وقت کے مطابق) پاکستانی شہری مختلف نادرا خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔

نادرا کے مطابق اس خصوصی کیمپ میں پاکستانی شہری نیا قومی شناختی کارڈ (NICOP) بنوا سکیں گے موجودہ شناختی کارڈ کی تجدید (Renewal) ترمیم ، گمشدہ کارڈ کی دوبارہ اجرائی، خاندانی معلومات کی درستگی اور دیگر شناختی دستاویزات سے متعلق تمام ضروری کارروائیاں موقع پر مکمل کرا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کی قیمتوں سے متعلق ٹویوٹا کمپنی نے بڑا اعلان کر دیا

حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جنہیں شناختی دستاویزات کی تجدید یا تبدیلی کے لیے اکثر طویل فاصلے طے کرکے سفارتی مراکز جانا پڑتا ہے۔ موبائل رجسٹریشن ٹیم کا مقصد ان شہریوں کو ان کے رہائشی علاقوں کے قریب جدید اور فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔

نادرا نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ کیمپ پہنچیں تاکہ ان کی درخواستوں پر بروقت کارروائی کی جا سکے۔ ادارے نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں سعودی عرب کے دیگر شہروں میں بھی اسی نوعیت کے موبائل رجسٹریشن کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نادرا کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل رجسٹریشن سروس سے وقت اخراجات اور سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید بھی آسان ہو جائے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles