وزیراعظم شہباز شریف کو تحفے میں کتنی چیزیں ملیں؟ توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے آگیا

وزیراعظم شہباز شریف کو تحفے میں کتنی چیزیں ملیں؟ توشہ خانہ کا ریکارڈ سامنے آگیا

کابینہ ڈویژن نے اپریل سے جون 2026 تک توشہ خانہ میں جمع کرائے گئے تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات کو مجموعی طور پر 21 قیمتی تحائف موصول ہوئے۔

جاری کردہ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف غیر ملکی شخصیات کی جانب سے شوگر باؤل، قیمتی قلم، مسجد نبوی ﷺ کا ماڈل، شیلڈ، ٹائی، چینی خلائی اسٹیشن کا ماڈل، ایک کپ، گھڑی اور شیلڈ بطور تحفہ دیے گئے۔

اسی طرح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو چمڑے سے تیار کردہ چینی بیلٹ، مصری مجسمے کا ماڈل اور کف لنکس بطور تحفہ موصول ہوئے۔

 یہ بھی پڑھیں :کس کس کو کیا تحائف ملے؟ توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ منظر عام پر آگیا

کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے انہیں ملنے والے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں جیسا کہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت لازم ہے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ حکومتِ پاکستان کا وہ سرکاری ادارہ ہے جہاں صدر، وزیراعظم، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو غیر ملکی سربراہانِ مملکت، حکومتی نمائندوں یا بین الاقوامی شخصیات کی جانب سے سرکاری حیثیت میں ملنے والے تحائف جمع کرائے جاتے ہیں۔ ان تحائف کو ذاتی ملکیت تصور نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں ریاستی اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔

توشہ خانہ کے قواعد کے مطابق سرکاری عہدیداروں پر لازم ہے کہ وہ بیرون ملک دوروں یا غیر ملکی مہمانوں سے ملنے والے تحائف مقررہ مدت کے اندر کابینہ ڈویژن کے توشہ خانہ میں جمع کرائیں، جہاں ماہرین ان کی مالیت کا تخمینہ لگاتے ہیں۔

مروجہ قواعد کے تحت بعض تحائف متعلقہ عہدیدار مقررہ قیمت یا اس کے مخصوص تناسب کی ادائیگی کے بعد اپنے پاس رکھ سکتے ہیں، جبکہ قیمتی یا تاریخی نوعیت کے تحائف سرکاری تحویل میں محفوظ رکھے جاتے ہیں۔ توشہ خانہ کا نظام سرکاری تحائف کے ریکارڈ، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :‏شاہزیب خانزادہ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے جھوٹ بے نقاب کردیے

کابینہ ڈویژن وقتاً فوقتاً توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری کرتا ہے، جس میں یہ بتایا جاتا ہے کہ کس سرکاری شخصیت کو کون سے تحائف موصول ہوئے ان کی تخمینی مالیت کیا تھی اور انہیں سرکاری خزانے میں جمع کرایا گیا یا قواعد کے مطابق اپنے پاس رکھا گیا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اپریل تا جون 2026 کے دوران مختلف اعلیٰ حکومتی شخصیات کو مجموعی طور پر 21 تحائف موصول ہوئے جبکہ ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔ تاہم دستیاب معلومات میں تحائف کی مجموعی قیمت کی تفصیل شامل نہیں کی گئی۔

editor

Related Articles