پنجاب میں جاری مون سون بارشوں نے انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 15 افراد عمارتیں گرنے، 3 کرنٹ لگنے، 2 آسمانی بجلی گرنے اور ایک شخص پانی میں ڈوبنے کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں صوبے بھر میں 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت بھی کر رہی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریںخستہ حال عمارتوں میں رہائش اختیار نہ کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید موسلا دھار بارشیں، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔