آزاد کشمیر الیکشن ، 2 پریزائیڈنگ افسران کو گرفتارکر لیا گیا

آزاد کشمیر الیکشن ، 2 پریزائیڈنگ افسران کو گرفتارکر لیا گیا

آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق اور انتخابی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ضلع کوٹلی میں دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کرا دیا جبکہ ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر کے پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رکھنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران مقررہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے اپنی نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے جس کے باعث انتخابی عمل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی الیکشن کمیشن نے فوری نوٹس لیا اور ریٹرننگ افسر کو کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

ترجمان کے مطابق دونوں افسران کو فوری طور پر معطل کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے حراست میں لے لیا گیا جبکہ ان کے پاس موجود پولنگ بیگز ریٹرننگ افسر نے اپنی تحویل میں لے لیے تاکہ انتخابی سامان محفوظ رہے اور شفافیت پر کوئی سوال نہ اٹھے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں کا نیا فارمولا کیا ہوگا ؟ آج اہم مذاکرات

الیکشن کمیشن نے تاخیر کے بغیر دونوں پولنگ اسٹیشنوں کے لیے نئے پریزائیڈنگ افسران مقرر کیے، جنہیں پولنگ بیگز کے ساتھ متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا تاکہ ووٹنگ کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہ سکے اور ووٹرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ گرفتار کیے گئے دونوں پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی عمل میں غفلت، لاپروائی یا کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کو شفاف، غیرجانبدار اور پرامن بنانے کے لیے الیکشن کمیشن تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ پولنگ اسٹیشنوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی آزادانہ ماحول میں استعمال کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی ہنگامی بندش ، شیڈول جاری

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کے تحت آج میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے، جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف، آزاد اور بلاتعطل رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی بے ضابطگی پر فوری کارروائی کی جائے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles